نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت خطے کی تازہ ترین صورتحال پر ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس کے دوران نائب وزیراعظم نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کی جانب سے سہولت کاری فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے کے وسیع تر مفاد میں ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے لیے اپنی کوششیں مسلسل جاری رکھے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ سہولت کاری کے عمل سے متعلق صرف سرکاری ذرائع سے جاری کردہ بیانات ہی پاکستان کی اصل پالیسی کے عکاس ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بے نام حکام یا ذرائع سے منسوب خبریں، خواہ وہ پرنٹ میڈیا میں شائع ہوں یا سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہوں، پاکستان کے سرکاری موقف کی نمائندگی نہیں کرتیں۔
ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو ہدایت کی کہ وہ قیاس آرائیوں پر مبنی رپورٹنگ سے گریز کریں اور صرف مستند سرکاری بیانات پر توجہ دیں۔