عالمی گولڈ مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی کے بعد پاکستان میں بھی قیمتی دھات کی قیمتیں نمایاں طور پر گر گئیں جس کے نتیجے میں صرافہ بازاروں میں سرمایہ کاری اور خریداروں کے لیے نئی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے دن فی اونس سونے کی قیمت میں 30 ڈالر 94 سینٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد عالمی سطح پر سونے کی نئی قیمت 4 ہزار 297 ڈالر فی اونس کی سطح پر آگئی۔
عالمی مارکیٹ میں کمی کے اثرات براہِ راست مقامی صرافہ بازاروں پر بھی مرتب ہوئے جہاں پیر کے روز 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت میں 3094 روپے کی کمی ہوئی۔ اس کمی کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 52 ہزار 233 روپے تک پہنچ گئی۔
اسی طرح مقامی مارکیٹ میں 10 گرام سونا بھی سستا ہوا جس کی قیمت 2785 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 86 ہزار 987 روپے کی سطح پر آگئی۔
ادھر چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان دیکھا گیا فی تولہ چاندی کی قیمت 94 روپے کم ہو کر 7 ہزار 173 روپے پر آگئی جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 86 روپے کمی کے بعد 6 ہزار 116 روپے ریکارڈ کی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی تھی جب عالمی مارکیٹ میں سونا 124 ڈالر فی اونس سستا ہوا تھا جبکہ مقامی سطح پر فی تولہ سونا 12 ہزار 489 روپے اور 10 گرام سونا 11 ہزار 240 روپے تک کم ہوا تھا۔
عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال میں بہتری ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کی جانب سے محفوظ سرمایہ کاری کے رجحان میں تبدیلی سونے کی قیمتوں میں کمی کی بڑی وجوہات ہو سکتی ہیں۔