نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے امکان کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مری، فیصل آباد، اسلام آباد، لاہور اور ساہیوال سمیت متعدد شہروں میں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جب کہ سوات، پشاور، مانسہرہ، چترال اور ایبٹ آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز کے پگھلنے، جھیلوں کے پھٹنے (جی ایل او ایف) اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ادارے کے مطابق 2 سے 5 مئی کے دوران گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شدید بارشوں کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے نے نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور سیلابی پانی سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے علاوہ، مویشیوں اور قیمتی اشیاء کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ بارش اور آندھی کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے اور سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں، لہٰذا ڈرائیورز کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات مکمل کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔