ملک میں شدید گرمی ، محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجادی

ملک میں شدید گرمی ، محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجادی

محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 3 مئی تک مختلف شہروں میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، آئندہ چند روز کے دوران پنجاب کے جنوبی اضلاع، سندھ کے بیشتر علاقوں اور بلوچستان کے جنوبی حصوں میں شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے۔

سندھ کے مختلف اضلاع میں شدید گرمی کے باعث ہیٹ ویو الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے، جبکہ کراچی کے موسم سے متعلق بھی پیش گوئی جاری کی گئی ہے ۔

محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم، شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے اور 3 مئی تک صوبے کے وسطی اور بالائی علاقے ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہیں گے۔

اس صورتحال کے زیر اثر جامشورو، دادو، شہید بینظیرآباد، کشمور، گھوٹکی، سانگھڑ، خیرپور، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر کے اضلاع شدید گرمی سے متاثر ہوں گے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ان اضلاع میں دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ گرمی کی شدت کے باعث بالخصوص بچوں، خواتین اور بزرگ افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہییں ،  دن کے اوقات میں سورج کی براہ راست تپش میں گھروں سے کم نکلیں۔

یہ بھی پڑھیں :پری مون سون سسٹم فعال، محکمہ موسمیات کی بارشوں سے متعلق اہم پیشگوئی

دوسری جانب مری اور گلیات میں موسم نسبتاً خوشگوار رہنے کی توقع ہے، جہاں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے ، اسی طرح خیبر پختونخوا کے کچھ علاقوں جیسے چترال، دیر، سوات، کالام، کرم، وزیرستان اور پارا چنار میں چند مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پنجاب کئ دارالحکومت لاہور میں گزشتہ روز درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہر میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے ، ایئر کوالٹی انڈیکس 128 ریکارڈ کیا گیا، جو درمیانی سطح کی آلودگی کو ظاہر کرتا ہے۔

بلوچستان کے بعض علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے جہاں نصیرآباد، جھل مگسی، جعفرآباد اور کچھی میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ، تربت اور نواب شاہ میں بھی پارہ 46 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جیکب آباد میں شدید گرمی کے باعث کچھ افراد کے بے ہوش ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں۔

محکمہ موسمیات نے جنوبی پنجاب میں ہیٹ برسٹ سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کر دیا ہے ، اس حوالے سے کوئی باضابطہ ایڈوائزری جاری نہیں کی گئی۔

editor

Related Articles