جاپان میں 6.2 کا شدید زلزلہ ، علاقہ لرز اٹھا ، خوف وہراس

جاپان میں 6.2 کا شدید زلزلہ ، علاقہ لرز اٹھا ، خوف وہراس

جاپان کے شمالی علاقے ایک بار پھر زلزلے کے شدید جھٹکوں سے لرز اٹھے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز ہوکائیدو کے قریب واقع ایک چھوٹے قصبے کے اطراف میں تھا۔ رپورٹ کے مطابق زلزلہ زمین کے اندر تقریباً 81 کلومیٹر گہرائی میں آیا، جس کی وجہ سے اس کے جھٹکے دور دراز علاقوں تک محسوس کیے گئے اور کئی شہروں میں ہلچل مچ گئی۔

حکام کے مطابق ابتدائی طور پر کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جبکہ متعلقہ اداروں نے سونامی کا کوئی خطرہ بھی ظاہر نہیں کیا۔ اس کے باوجود احتیاطی تدابیر کے طور پر صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں جاپان میں 7.4 شدت کا زلزلہ، سونامی وارننگ جاری کردی گئی

یہ زلزلہ ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب حال ہی میں اسی خطے میں ایک زیادہ شدت کا زلزلہ بھی ریکارڈ کیا گیا تھا جس کے بعد ماہرین نے ممکنہ بڑے زلزلے کے خدشے کا اظہار کیا تھا۔ تازہ جھٹکوں نے ان خدشات کو مزید تقویت دی ہے اور ماہرین ارضیات کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں زیر زمین سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔

 یاد رہے  ایک ہفتہ قبل اسی خطے میں 7.7 شدت کا ایک خطرناک زلزلہ بھی ریکارڈ کیا گیا تھااور اس بڑے زلزلے کے بعد متعدد آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے تھے جس سے زیرِ زمین پلیٹوں کی مسلسل حرکت کا عندیہ ملا تھا۔

ماہرین ارضیات کے مطابق حالیہ 6.2 شدت کا زلزلہ اسی سلسلے کی کڑی ہو سکتا ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ علاقے میں زمینی دباؤ ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوا۔

editor

Related Articles