پنجاب حکومت نے رحمت کارڈ اسکیم کے تحت مستحق خاندانوں کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد بیواؤں اور یتیم بچوں کو معاشی سہارا فراہم کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 50 ہزار خاندانوں کو شامل کیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ بیواؤں کو ایک لاکھ روپے جبکہ یتیم بچوں کو بھی ایک لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔ یہ رقم براہ راست جاز کیش کے ذریعے مستحق افراد تک پہنچائی جائے گی تاکہ ادائیگی کا عمل شفاف اور آسان بنایا جا سکے۔
اس اسکیم کے لیے اہلیت کے کچھ واضح معیار مقرر کیے گئے ہیں جن کے مطابق بیوہ کے شناختی کارڈ پر اس کی حیثیت کا اندراج ضروری ہے اور اس کا تعلق کم آمدنی والے گھرانے سے ہونا چاہیے۔ ایسے افراد جو پہلے سے کسی سرکاری مالی امداد یا پنشن سے فائدہ اٹھا رہے ہیں وہ اس اسکیم کے اہل نہیں ہوں گے
یتیم بچوں کے لیے ب فارم کا اندراج لازمی ہے جبکہ پی ایس ای آر سروے میں رجسٹریشن بھی ضروری قرار دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ درخواست گزار کا موبائل نمبر شناختی کارڈ سے منسلک ہونا لازمی ہے۔
رجسٹریشن کے لیے شہری “سی ایم رحمت کارڈ ایپ” کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں یا ہیلپ لائن 1077 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ حکومت کے مطابق یہ اقدام پسماندہ طبقے کو مالی تحفظ فراہم کرنے اور انہیں معاشی طور پر مستحکم بنانے کی ایک اہم کوشش ہے۔