گلگت بلتستان اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما امجد حسین ایڈووکیٹ بلامقابلہ صوبے کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہو گئے ہیں، اسپیکر عمران ندیم کی زیر صدارت ہونے والے اسمبلی اجلاس میں ان کی کامیابی کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے کسی بھی دوسرے امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے، جس کے باعث انتخابی عمل بلامقابلہ مکمل ہوا۔
ایوان میں موجود تمام ارکان نے متفقہ طور پر امجد حسین ایڈووکیٹ کی حمایت کی، جس کے بعد انہیں گلگت بلتستان کا پانچواں وزیراعلیٰ منتخب قرار دے دیا گیا۔
امجد حسین ایڈووکیٹ حالیہ عام انتخابات میں حلقہ جی بی اے ایک گلگت سے کامیابی حاصل کر چکے ہیں، وہ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر بھی ہیں۔
ان کا سیاسی تجربہ بھی خاصا طویل ہے، وہ دو ہزار دس سے دو ہزار پندرہ تک گلگت بلتستان کونسل کے رکن رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ دو ہزار بیس کے انتخابات میں دو حلقوں سے کامیابی حاصل کر کے اپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔
اسمبلی اجلاس کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ ایوان میں پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور آئی پی پی کے درمیان سیاسی اتحاد موجود ہے، جس کے نتیجے میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب بھی بلامقابلہ مکمل ہوا تھا۔
اس سے قبل پیپلز پارٹی کے عمران ندیم کو اسپیکر جبکہ مسلم لیگ (ن) کے کفایت الرحمن ایڈووکیٹ کو ڈپٹی اسپیکر منتخب کیا جا چکا ہے،اجلاس میں اپوزیشن اراکین کی درخواست پر اسپیکر عمران ندیم نے مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے صدر حافظ حفیظ الرحمن کو اپوزیشن لیڈر بھی ڈکلیئر کیا۔
نومنتخب وزیراعلیٰ کی حلف برداری کی تقریب کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، سیاسی حلقوں کے مطابق نئی حکومت کی تشکیل کے بعد گلگت بلتستان میں انتظامی اور سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آنے کی توقع ہے۔