اعتماد سازی کا بڑا قدم، پاکستان نے ایرانی جہاز اور عملے کے 22 ارکان کی امریکا کی جانب سے حوالگی کی تصدیق کردی

اعتماد سازی کا بڑا قدم، پاکستان نے ایرانی جہاز اور عملے کے 22 ارکان کی امریکا کی جانب سے حوالگی کی تصدیق کردی

مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کی باضابطہ طور پر پاکستان نے تصدیق کر دی ہے، اس اقدام سے امریکا اور ایران میں اعتمادی سازی میں اضافہ ہوگا اور مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔

پیر کو پاکستان نے تصدیق کی ہے کہ امریکا نے ضبط شدہ ایرانی کنٹینر جہاز ’ایم وی توسکا‘ اور اس کے 22 ارکان پر مشتمل عملے کو پاکستان کے حوالے کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی کامیاب ثالثی، امریکا اور ایران کے درمیان برف پگھلنے لگی؟ ضبط شدہ ایرانی جہاز عملے سمیت پاکستان کے حوالے

دفتر خارجہ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان کے مطابق، عملے کے ارکان کو گزشتہ رات پاکستان منتقل کیا گیا، جہاں سے آج پیر کے روز انہیں باقاعدہ طور پر ایرانی حکام کے حوالے کر دیا جائے گا۔

دفتر خارجی کی جانب سے جاری بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایرانی جہاز کو پاکستانی سمندری حدود میں لایا جائے گا، جہاں اس کی ضروری مرمت کی جائے گی۔

مرمت کا کام مکمل ہونے کے بعد جہاز کو اس کے اصل مالکان (ایران) کے حوالے کر دیا جائے گا۔ اس کارروائی کو امریکا کی جانب سے ’اعتماد سازی‘ کی ایک اہم کوشش اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

ایک غیر معمولی سہ فریقی تعاون

یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ رہے ہیں۔ ایم وی توسکا کو امریکی افواج نے بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کے الزام میں ضبط کیا تھا، جس نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان سفارتی بحران پیدا کر دیا تھا۔

پاکستان، جس کے ایران اور امریکا دونوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں، نے اس بحران کو حل کرنے کے لیے ایک ’پل‘ کا کردار ادا کیا ہے۔ یہ سہ فریقی رابطہ (پاکستان، ایران اور امریکا) خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک نئی مثال قائم کر رہا ہے، جہاں فوجی طاقت کے بجائے سفارت کاری کو ترجیح دی گئی ہے۔

پاکستان کا بڑھتا ہوا سفارتی قد اس کے بعد مزید اونچا ہو گیا ہے، امریکا کا ایرانی عملے کو براہ راست ایران کے بجائے پاکستان کے حوالے کرنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ واشنگٹن اسلام آباد کو ایک قابل اعتماد اور غیر جانبدار ثالث تسلیم کرتا ہے۔

مزید پڑھیں:اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کے درمیان رابطہ، خطے کی صورتحال اور پاکستان کی سفارتی کوششوں پر تبادلۂ خیال

جہاز کو پاکستانی حدود میں لا کر مرمت کرنا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان اپنی سمندری حدود کو صرف دفاع کے لیے ہی نہیں بلکہ علاقائی امن کے لیے ’سیف پیسج‘ کے طور پر بھی استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

عملے کی آج پیر کو واپسی اور جہاز کی مرمت کے بعد حوالگی اس بات کا بین ثبوت ہے کہ پس پردہ مذاکرات کامیاب رہے ہیں۔ یہ عمل مستقبل میں ایران اور امریکا کے درمیان دیگر بڑے تنازعات، جیسے جوہری پروگرام یا بحری تجارتی راستوں پر مذاکرات کے لیے راہ ہموار کر سکتا ہے۔

Related Articles