نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے درمیان گزشتہ رات ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور امن و استحکام کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے موجودہ علاقائی پیش رفت پر تفصیلی بات چیت کی، ایرانی وزیر خارجہ نے مختلف فریقین کے درمیان مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے پر پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور ثالثی کی سنجیدہ کوششوں کی تعریف کی۔
اس موقع پر وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں تعمیری روابط کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسائل کا پائیدار حل صرف مکالمے اور سفارتکاری کے ذریعے ہی ممکن ہے، اور یہی راستہ دیرپا امن و استحکام کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور تعاون کے فروغ کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
قبل ازیں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اردن کے نائب وزیراعظم ایمن الصفدی سے ٹیلیفونک گفتگو کی، دفتر خارجہ کے مطابق ایمن الصفدی نے پاکستان کے تعمیری کردار اور خطے میں امن و استحکام کے لیے کوششوں کو سراہا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے تمام فریقین کے درمیان مثبت روابط اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاک-اردن دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔