بھارتی شہر پونے کے ایک معروف شاپنگ مال میں فلم ’’کاک ٹیل ٹو‘‘کی تشہیری تقریب اس وقت اچانک افراتفری میں بدل گئی جب اداکاروں کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں مداح امڈ آئے۔
تقریب میں شاہد کپور، کریتی سینن اور رشمیکا مندانا شریک تھے، جو اپنی نئی فلم کی پروموشن کے سلسلے میں مختلف شہروں کا دورہ کر رہے ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں پروگرام خوشگوار ماحول میں جاری رہا، جہاں اداکاروں نے مداحوں سے ملاقات کی اور پونے کی مشہور اسٹریٹ فوڈ ڈش وڑا پاؤ بھی کھایا، جس کی ویڈیوز بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔
تاہم تقریب کے اختتام پر صورتحال اچانک بگڑ گئی۔ مداحوں کی بڑی تعداد اسٹیج کے قریب پہنچ گئی، جس سے ہجوم بے قابو ہو گیا اور دھکم پیل شروع ہو گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق سیکیورٹی انتظامات دباؤ کو سنبھالنے میں ناکام رہے اور حفاظتی رکاوٹیں بھی ٹوٹ گئیں۔
حالات خراب ہوتے دیکھ کر منتظمین نے فوری طور پر تقریب ختم کرنے کا فیصلہ کیا اور فنکاروں کو محفوظ طریقے سے مقام سے نکالنے کا عمل شروع کیا۔اس دوران شاہد کپور کو ہجوم میں راستہ بناتے ہوئے دیکھا گیا، جبکہ کریتی سینن مسلسل رشمیکا مندانا کے ساتھ رہیں اور انہیں بھیڑ سے محفوظ رکھنے کی کوشش کرتی رہیں۔