یومِ عاشور پر موبائل فون سروس کب بحال ہوگی؟ اہم تفصیلات سامنے آگئیں

یومِ عاشور پر موبائل فون سروس کب بحال ہوگی؟ اہم تفصیلات سامنے آگئیں

یومِ عاشور کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت پنجاب کے 24 اضلاع کے حساس علاقوں میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق یہ پابندی صرف حساس جلوسوں اور مجالس کے اطراف محدود دائرہ کار اور مخصوص اوقات کے لیے نافذ کی جائے گی تاکہ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق موبائل فون سروس پورے اضلاع میں مکمل طور پر بند نہیں ہوگی بلکہ صرف ان علاقوں میں عارضی طور پر معطل کی جائے گی جہاں سے ماتمی جلوس گزر رہے ہوں گے یا جہاں اہم مجالسِ عزا منعقد ہوں گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ جس علاقے سے ماتمی جلوس گزر جائے گا یا اپنے مقررہ اختتامی مقام پر پہنچ جائے گا وہاں موبائل فون سروس مرحلہ وار بحال کر دی جائے گی۔ اسی طرح جن علاقوں میں جلوس اختتام پذیر ہوتے جائیں گے وہاں پابندی بھی ختم ہوتی جائے گی، تاکہ شہریوں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

یہ بھی پڑھیں:موبائل خریدنے سے پہلے یہ خبر ضرور پڑھیں، پی ٹی اے نے خبردار کر دیا

محکمہ داخلہ کے مطابق حساس مقامات پر مجالس کے دوران بھی موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل رکھی جائے گی جبکہ بعض مقامات پر سروس رات 10 بجے تک بند رہ سکتی ہے۔ تاہم اس کا انحصار مقامی سکیورٹی صورتحال اور جلوسوں کے اختتام پر ہوگا۔

جزوی پابندی راولپنڈی، اٹک، چکوال، سرگودھا، خوشاب، بھکر، حافظ آباد، گجرات، نارووال، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، چنیوٹ سمیت مجموعی طور پر 24 اضلاع کے حساس علاقوں میں نافذ کی جائے گی، جہاں سکیورٹی اداروں نے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے واضح کیا ہے کہ لاہور سمیت صوبے کے بیشتر علاقوں میں موبائل فون سروس معمول کے مطابق فعال رہے گی اور صرف ان مقامات پر محدود وقت کے لیے معطل کی جائے گی جہاں حساس جلوس یا مجالس منعقد ہوں گی۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موبائل سروس کی عارضی معطلی کو عوامی تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کا حصہ سمجھیں۔ سکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ جیسے ہی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزر جائیں گے اور حالات معمول پر آئیں گے موبائل فون سروس بھی مرحلہ وار مکمل طور پر بحال کر دی جائے گی۔

editor

Related Articles