آئندہ ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان کم ہے۔ ذرائع کے مطابق، آئندہ ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یا تو موجودہ سطح پر برقرار رہنے کا امکان ہے یا معمولی رد و بدل دیکھنے میں آ سکتا ہے۔
وفاقی حکومت نے یکم مئی کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 400 روپے فی لیٹر کے قریب پہنچ گئیں۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کو اس فیصلے کی بڑی وجہ قرار دیا گیا تھا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق یکم مئی 2026 سے پیٹرول کی نئی قیمت 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر کر دی گئی تھی۔ اس اضافے کے بعد عوام پر مزید مالی دباؤ ڈالنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس ہفتے پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 6 روپے 51 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا، جو تقریباً 19 روپے 39 پیسے فی لیٹر تھا۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے عوامی سہولت کے تحت جاری پیپلز موٹر سائیکل فیول سبسڈی پروگرام میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینہ نے پروگرام کو 31 مئی 2026 تک بڑھانے کی منظوری دے دی جس کا مقصد بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اثرات کو کم کرنا اور موٹر سائیکل استعمال کرنے والے شہریوں کو براہِ راست ریلیف فراہم کرنا ہے
عوامی ریلیف کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے کابینہ نے موٹر سائیکل فیول سبسڈی پروگرام کیلئے مئی کے مہینے میں 2 ارب روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی۔ حکام کے مطابق اب تک 5 لاکھ 48 ہزار سے زائد شہری اس سبسڈی سے مستفید ہو چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 1.096 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔