پاکستانیوں کی فی کس سالانہ آمدنی میں 90 ہزار 534 روپے کا اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانیوں کی فی کس آمدنی اور ملکی معیشت کے حجم میں اضافہ ریکارڈ گیا گیا۔ سرکاری دستاویز کے مطابق رواں مالی سال ملکی معیشت میں حجم میں 34 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔معیشت کا حجم 341 ارب ڈالر سے بڑھ کر 375 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔
اسی طرح پاکستانیوں کی ماہانہ فی کس آمدنی میں 7 ہزار 544 روپے کااضافہ ہوا۔فی کس سالانہ آمدنی میں 90 ہزار 534 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور سالانہ فی کس آمدنی 4 لاکھ 75 ہزار 281 روپے تک پہنچ گئی۔
مزید پڑھیں: سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد اضافہ متوقع
گزشتہ مالی سال فی کس سالانہ آمدنی 3 لاکھ 84 ہزار 747 روپے تھی جبکہ ڈالرز میں فی کس سالانہ آمدنی میں بھی 129 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ ہوا۔ گزشتہ مالی سال ڈالر ٹرم میں فی کس آمدنی 1551 ڈالر رہی ۔ملکی معیشت کے حجم میں مقامی کرنسی میں 22 ہزار 170ارب روپے اضافہ ہوا۔حجم میں نمایاں اضافے کی وجوہات میں ڈبل ڈیجٹ میں مہنگائی شامل ہے۔ معیشت کا مجموعی حجم 106 ہزار 45ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب وفاقی ادارہ شماریات نے ملک میں مسلسل مہنگائی میں کمی کا دعویٰ کر دیا، مہنگائی میں10.1فیصد کمی ، 21.22فیصد سطح پر آگئی، گزشتہ ہفتے گندم آٹا، ٹماٹر، پیاز، لہسن، پیٹرول ، ڈیزل سمیت 16اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم ہوئیں ، رپورٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے گندم کا آٹا، ٹماٹر، پیاز، لہسن، پیٹرول اور ڈیزل سمیت 16 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ مہنگائی 10.1 فیصد کی کمی کے ساتھ سالانہ بنیاد پر 21.22 فیصد کی سطح پر آگئی۔ وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعدادوشمار جاری کر دیئے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 16 کے دام کم ہوگئے۔