سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بنوں کے علاقے فتح خیل میں پولیس اسٹیشن پر خوارج کا خودکش حملہ ناکام بنا دیا۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق خوارج کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہلکار شہید جبکہ دو پولیس جوانوں سمیت چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔
خوارج نے بارود سے بھری گاڑی پولیس اسٹیشن سے ٹکرانے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے ٹارگٹ تک پہنچنے سے پہلے ہی فائرنگ کر کے گاڑی کو اُڑا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گاڑی کے ٹکرانے سے زوردار دھماکہ ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، دھماکے کے نتیجے میں قریب کے سول گھروں کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے، اور کئی گھروں کی چھتیں گرنے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔
دوسری جانب کالعدم دہشت گرد تنظیم “اتحاد المجاہدین پاکستان” نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر باقاعدہ پریس ریلیز جاری کر دی ہے۔
یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب پورے پاکستان میں معرکۂ حق کی کامیابیوں اور 9 و 10 مئی 2025 کی دفاعی فتح کا جشن منایا جا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کی دفاعی برتری اور خطے میں اس کی مضبوط عسکری صلاحیتوں نے دشمن قوتوں کو پریشان کر رکھا ہے، جس کے بعد ملک میں بدامنی پھیلانے کی نئی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔
پاکستان پہلے بھی مختلف بین الاقوامی فورمز اور United Nations میں یہ مؤقف پیش کر چکا ہے کہ ملک میں ہونے والی دہشت گرد کارروائیوں کے پیچھے بیرونی سرپرستی موجود ہے۔ حکومتی مؤقف کے مطابق دہشت گرد تنظیموں کو بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کی جانب سے مالی معاونت اور سہولت کاری فراہم کی جاتی ہے جبکہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے۔