ایرانی وزیر داخلہ آئندہ چند روز میں پاکستان پہنچیں گے، اعلیٰ سطحی وفد بھی ہمراہ ہوگا

ایرانی وزیر داخلہ آئندہ چند روز میں پاکستان پہنچیں گے، اعلیٰ سطحی وفد بھی ہمراہ ہوگا

ایران اور امریکا کے درمیان متوقع بالواسطہ مذاکرات کے اگلے مرحلے سے قبل ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ آئندہ چند روز میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔ دورے کو خطے کی موجودہ صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایرانی وفد 9 جولائی کو ایرانی رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین کے بعد پاکستان پہنچے گا۔ اس دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی امور پر تفصیلی بات چیت متوقع ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :اسرائیل اسلام آباد میں ایرانی وفد کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، امریکی اخبار کا دعویٰ

ایرانی وفد میں زراعت، صنعت، کان کنی، تجارت، سڑکوں اور شہری ترقی، خارجہ امور سمیت مختلف سرکاری اداروں کے اعلیٰ حکام شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ ثقافت، تاریخی ورثے، سیاحت اور دستکاری کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندے بھی وفد کا حصہ ہوں گے۔

ایرانی وزیر داخلہ کے دورۂ پاکستان کا اعلان گزشتہ ہفتے پاکستانی وزیر داخلہ محسن نقوی کے دورۂ ایران کے موقع پر مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا گیا تھا جہاں دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان آئندہ مذاکرات سے قبل اس دورے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جبکہ ایران اسلام آباد کو ایک قابل اعتماد شراکت دار اور ممکنہ سفارتی پل کے طور پر دیکھتا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :ایرانی رہبراعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں تین بیٹوں کی شرکت، ویڈیو سامنے آگئی

ذرائع کے مطابق اگرچہ ماضی میں ایران اور امریکا کے درمیان مختلف مقامات پر مذاکرات ہوتے رہے ہیں تاہم پاکستان کے ایران اور خلیجی ممالک کے ساتھ متوازن تعلقات کے باعث اسلام آباد کی سفارتی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔

دفتر خارجہ بھی اس سے قبل اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں اشارہ دے چکا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان آئندہ رابطوں میں پاکستان اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

editor

Related Articles