پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مندی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آرہی ہے جس کے اثرات ملکی معیشت پر بھی مرتب ہوں گے اور مہنگائی سے پریشان پاکستانیوں کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف مل سکتا ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرول کی فی بیرل قیمت 1ڈالر 68سینٹ تک کم ہوئی ہیں۔ عالمی منڈی میں پیٹرول 96ڈالر19سینٹ کی سطح پر ہے اور پاکستان میں بھی پیٹرول سستا ہونے کا امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق پاکستان میں پیٹرول کی قیمت مزید 4 روپے فی لیٹر تک کم ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈنے گیس اور خام تیل کے ذخائر میں اضافہ کر دیا او جی ڈی سی ایل نے تیل وگیس کی مقامی پیداوار بڑھانے کا اعلان کردیا۔ترجمان نے بتایا کہ ضلع کرک نشپا کنواں نمبر 10سے گیس، خام تیل کے ذخائر میں اضافہ کر دیا، نئی اضافی پیداوار سے تیل کی مجموعی پیداواربڑھ کر1870بیرل یومیہ تک پہنچ گئی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ گیس کی مجموعی پیداوار 70لاکھ کیوبک فٹ یومیہ سے تجاوز کر گئی جبکہ گیس کی پیداوارکوسوئی ناردرن نیٹ ورک میں شامل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق اضافی پیداوار سے ملکی امپورٹ بل میں 30 ملین ڈالر کی سالانہ کمی ہو گی۔