اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کا مرکزی سیکرٹریٹ سیل

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کا مرکزی  سیکرٹریٹ سیل

کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں قائم پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹریٹ کو غیر قانونی قرار دے کر اس کاایک حصہ گرا دیا اور عمارت سیل کر دی ۔ جبکہ پی ٹی آئی رہنما عامر مغل کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے کی ٹیم نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ آپریشن کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے مرکزی سیکرٹریٹ کی غیر قانونی تعمیرات اورتجاوزات کا خاتمہ کر کے دفتر کو سیل کردیا ہے۔ سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ پلاٹ پر بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی ہے ۔جس پر اضافی منزل بھی تعمیر کی گئی تھی۔ جس کے خلاف آپریشن کرنا پڑا ۔ مرکزی سیکرٹریٹ سیل ہونے کی خبر پھیلتے ہی پی ٹی آئی کے قائدین، چیئرمین بیرسٹرعلی گوہر مرکزی دفتر پہنچ گئے ۔ سی ڈی اے حکام کا بتا نا ہے کہ سیکٹر جی 8/4 میں قائم سیاسی جماعت کی جانب سے پلاٹ پر تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات قائم کی گئی تھیں، مذکورہ پلاٹ سرتاج علی نامی شخص کو الاٹ کیا گیا ہے جس کی اراضی پر قبضہ کر کے سیاسی جماعت نے تجاوزات قائم کی تھیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ پلاٹ کے مالک کی طرف سے متعدد بار خبردار کرنے کیساتھ ساتھ نوٹسسز بھی جاری کئے گئے۔

پہلا نوٹس 19 نومبر 2020 اور دوسرا نوٹس 22فروری 2021 کو جاری کیا گیا پھر خلاف ورزیاں ختم کرنے کے لیے ایک اور نوٹس 14 جون 2022 کو جاری کیا گیا اور 4 ستمبر 2023کو خلاف ورزیاں ختم نہ کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔ سی ڈی اے حکام کے مطابق احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے اور خلاف ورزیاں ختم نہ کرنے پر 10 مئی 2024 کو اس پلاٹ کو سر بمہر کرنے کے احکامات جاری کئے گئے، بلڈنگ قوانین پر عمل درآمد کرنے اور تجاوزات کے خاتمے کے لئے آپریشن عمل میں لایا گیا ہے۔ ترجمان سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے لئے مہم بلا تفریق پورے وفاقی دارالحکومت میں جاری رہے گی۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے وہاں پر موجود پی ٹی آئی کارکنان کو پُرامن رہنے کی ہدایت کردی۔اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ حکومت انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے ، انصاف کے لیے عدالت جائیں گے ۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر علی گوہر نے کہا کہ عدات سے سٹے آرڈر لیں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *