پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کا کہنا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ نے نوٹس دئیے بغیر رات کی تاریکی میں ہمارے مرکزی دفتر کیخلاف آپریشن کیا، تحریک انصاف کا آفس فتح کیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کاکہنا تھا کہ سی ڈی اے عملے کے ساتھ بات چیت کرنے کے دوران اچانک پولیس نے عامر مغل کو اٹھا لیا ۔ اور ان کوکسی نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ، انہوں نے کہا کہ عامر مغل کی گرفتار ی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا وفاقی دارلحکومت میں قائم پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹریٹ کو غیر قانونی قرار د یکر اس کاایک حصہ گرا نا اور عمارت سیل کرنے کے معاملے کو قومی اسمبلی میں اٹھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہیے تھا سی ڈی اے انتظامیہ پہلے ہمیں نوٹس جاری کرتی ۔ لیکن ایسا نہیں کیا گیا بلکہ ہمارے مرکزی دفتر کے خلاف فوری طورپر
کارروائی عمل میں لائی گئی ۔ ان کا کہنا تھا پورا دن ہم دفتر میں موجود تھے ۔ اقوام متحدہ کی ٹیم بھی دفتر میں تھی ، اقوام متحدہ کی ٹیم کے ہوتے ہوئے اسلام آباد انتظامیہ نے حماد اظہر کی تلاش میں دفتر پر ریڈ کیا ۔ پولیس کی ٹیم نے ہماری گاڑیا ں بھی تلاشی لی ۔ دفتر پر آپریشن اس طرح کیا گیا جس طرح غزہ میں آپریشن ہو رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی مرکزی سیکریٹریٹ پر سی ڈی اے کی کارروائی قابل مذمت ہے ۔ اگر سی ڈی اے کو عمارت پر کوئی اعتراض تھا تو صبح کے وقت آتے اور کہتے تجاوازات کو ہٹائیں ۔ ایسا کرنے کی انہوں نے زحمت نہیں کی ۔ ان کا آخر میں مزید کہنا تھا کہ سی ڈی اے عملے سے خوشگوار ماحول میں بھی بات ہو سکتی تھی۔