جنگ بندی کے باوجود لبنان پر اسرائیل کی جانب سے فضائی حملے میں ریسکیو عملے کے7 ارکان شہید ہوگئے ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں شہید افراد کی تعداد 34 ہوگئی۔
اسرائیلی فوج کے لبنان میں حزب اللّٰہ کے ٹھکانوں پر حملے بھی جاری ہیں ، ادھراسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے لبنان میں حزب اللّٰہ پر فضائی حملے بڑھانے کا اعلان کردیا۔
اسرائیل نے بیروت کے متعدد علاقے زبردستی خالی کرنے کا الٹی میٹم جاری کردیا ہے ، غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل حزب اللہ کے خلاف اپنے حملوں میں شدت لائے گا۔
نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اب تک 600 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے لیکن اب ضروری ہے کہ ہم حملوں میں اضافہ کریں اور ان کی شدت کو مزید بڑھائیں۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے اعلان کے بعد لبنان بھر میں حملوں کی نئی لہر شروع کر دی گئی۔
اسرائیل ڈیفنس فورسز نے بتایا کہ لبنان کے مشرقی علاقے بقاع وادی میں حزب اللہ کے ٹھکانوں سمیت ملک کے دیگر حصوں میں بھی حملے کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ اس ماہ کے آغاز میں لبنان اور اسرائیل کے درمیان 45 روزہ جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق ہوا تھا، مگر اس کے باوجود ٹرمپ کے اعلان کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے امور کے سربراہ ٹام فلیچر نے لبنان پر اسرائیلی حملوں میں تیزی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا ۔