شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال نے کہا ہے کہ دباؤ، دھمکیوں اور منفی مہمات کے باوجود وہ اپنی آواز بلند کرتی رہیں گی اور خاموش نہیں ہوں گی۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنی بہن رمشا اقبال کی میڈیا سے گفتگو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف اپنے لیے نہیں بلکہ ہر اس شخص کے لیے کھڑی ہیں جو ایسے مسائل کا سامنا کر رہا ہے۔
مومنہ اقبال نے لکھا کہ کچھ عناصر کی جانب سے دباؤ ڈالنے کی کوششوں کے باوجود ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جو حالات ان پر گزر رہے ہیں وہ انتہائی مشکل ہیں، تاہم انہیں خاموش نہیں کروایا جا سکتا۔
اداکارہ نے کسی کا نام لیے بغیر سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی مبینہ مہمات کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پیسے خرچ کرکے مہمات چلانے اور ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کے بجائے حقائق پر توجہ دی جائے اور بے بنیاد قانونی کارروائیاں بند کی جائیں۔
دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مومنہ اقبال کی بہن رمشا اقبال نے دعویٰ کیا کہ انہیں اور ان کی بہن کو ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے کیس میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے، جس کے بعد یہ معاملہ مزید توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں مومنہ اقبال کی حمزہ حبیب کے ساتھ شادی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں، جنہیں مداحوں کی جانب سے خوب سراہا گیا تھا۔