امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات میں کلیدی کردار ادا کرنے پر قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم آل ثان نے وزیراعظم کا شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم آل ثانی نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت پر قطری وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ فریقین کے درمیان امن معاہدہ بہت جلد دستخط کے لیے تیار ہوگا۔
اس موقع پر قطری وزیراعظم نے پاکستان کی سفارتی اور امن کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس عمل میں اہم اور کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قطر، پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت پر فخر محسوس کرتا ہے اور امید رکھتا ہے کہ ان اقدامات کے نتیجے میں خطے میں پائیدار امن قائم ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر امیر قطر کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت کا اعادہ بھی کیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔