کوٹ ادو کے علاقے چوک سرور شہید میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں ٹرک اور مسافر وین کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 13 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ چوک سرور شہید کے علاقے محمد والا کے قریب پیش آیا جہاں ٹرک اور مسافر وین میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 13 افراد موقع پر ہی جاں بحق اور 12سے زائد زخمی ہوگئے۔ وین میں سوار مسافروں کا تعلق ملتان کی بستی لار سے تھا اور وہ اپنے رشتہ داروں سے ملنے بھکر جا رہے تھے۔ حادثے کے فوری بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چوک سرور شہید منتقل کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی کرکٹر اور اداکارہ کے درمیان طلاق ہو گئی
زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں نشتر ہسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور کہا کہ ہم ان کے دکھ میں شریک ہیں۔