حکومت نے بجٹ میں خواتین کو بڑی خوشخبری سنا دی

حکومت نے بجٹ میں خواتین کو بڑی خوشخبری سنا دی

حکومت نے آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں خواتین کی صحت اور حفظانِ صحت سے متعلق اہم اشیاء پر ٹیکس مکمل طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

خواتین کی صحت کے حوالے سے اہم ریلیف دیتے ہوئے سینیٹری پیڈز اور متعلقہ ضروری اشیاء پر عائد تمام ٹیکس ختم کر دیے گئے ہیں، جس کا مقصد خواتین کو بنیادی صحت سہولیات تک آسان اور سستی رسائی فراہم کرنا ہے۔

بجٹ دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے وفاقی بجٹ کا حجم 18 ہزار 771 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا سالانہ ٹیکس ہدف 15 ہزار 264 ارب روپے رکھا گیا ہے جبکہ گراس ریونیو کا تخمینہ 20 ہزار 600 ارب روپے لگایا گیا ہے۔ نان ٹیکس ریونیو کی مد میں 5 ہزار 336 ارب روپے حاصل ہونے کا تخمینہ ہے۔

دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال صوبوں کو 8 ہزار 848 ارب روپے منتقل کیے جائیں گے جبکہ وفاقی حکومت کی خالص آمدن کا تخمینہ 11 ہزار 751 ارب روپے لگایا گیا ہے۔ اندرونی ذرائع سے 2 ہزار 34 ارب روپے اور بیرونی ذرائع سے 813 ارب روپے کا قرض حاصل ہونے کا امکان ہے، جبکہ حکومت ٹی بلز، پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز اور سکوک کے ذریعے 4 ہزار 12 ارب روپے حاصل کرے گی۔

دستاویزات کے مطابق اگلے مالی سال سرکاری اداروں کی نجکاری سے 161 ارب روپے حاصل ہونے کا امکان ہے۔ دفاع کے لیے 3 ہزار ارب روپے اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے 1 ہزار ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ حکومت آئندہ مالی سال کے دوران جاری اخراجات پر 17 ہزار 495 ارب روپے خرچ کرے گی جبکہ قرضوں پر سود کی ادائیگی کے لیے 8 ہزار 54 ارب روپے، پنشن ادائیگی کے لیے 1 ہزار 169 ارب روپے اور سول حکومت کے لیے 1 ہزار 71 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اسی طرح ہنگامی اقدامات کے لیے بجٹ میں 430 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

Related Articles