پشاور: سیکیورٹی فورسز نے پشاور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 دہشتگردوں کو ہلاک اور 3 کو زخمی کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے پشاور کے علاقے حسن خیل میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، دونوں اطراف فائرنگ تبادلے کے نتیجے میں پاک فوج کا کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ شہید جبکہ 5 دہشتگرد ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے ۔
یہ بھی پڑھیں: سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 29 دہشتگرد ہلاک، بھاری تعداد میں غیر ملکی اسلحہ برآمد
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر اندازمیں تلاش کیا، فائرنگ کے شدید تبادلے میں کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ نے جام شہادت نوش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کیپٹن حسین جہانگیر آپریشن کی قیادت کر رہے تھے جن کا تعلق رحیم یار خان سے تھا جبکہ 36 سال کے حوالدار شفیق اللہ کا تعلق کرک سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، فورسز دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔