خیبر پختونخوا میں آئندہ چند روز کے دوران شدید بارشوں، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کے پیش نظر پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق بالائی اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں صورتحال سنگین ہو سکتی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 18 سے 22 جون کے دوران خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کی توقع ہے۔ اس دوران اپر و لوئر چترال، سوات، اپر دیر، کوہستان اور مانسہرہ میں فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر قدرتی آفات کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ درجہ حرارت میں تبدیلی اور بارشوں کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے واقعات بھی رونما ہو سکتے ہیں جس سے نشیبی اور حساس علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔
ممکنہ خطرات کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی اور ہنگامی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔ ریسکیو اداروں، ہیوی مشینری اور امدادی عملے کو بھی چوبیس گھنٹے الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔
پی ڈی ایم اے نے مقامی آبادی اور سیاحوں کے لیے خصوصی ایڈوائزری بھی جاری کی ہے۔ ادارے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بارشوں کے دوران برساتی نالوں، دریاؤں اور تیز بہاؤ والے پانی کے قریب جانے سے گریز کریں جبکہ سیاح غیر ضروری طور پر بالائی اضلاع کا سفر نہ کریں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ خطرے سے دوچار آبادی کو بروقت آگاہ کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔