17جون بروز بدھ متعدد علاقوں میں شیڈول شٹ ڈاؤن کا اعلان

17جون بروز بدھ متعدد علاقوں میں شیڈول شٹ ڈاؤن کا اعلان

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے بجلی کے ترسیلی نظام کی بہتری اور ضروری مرمتی کاموں کے باعث17جون بروز بدھ متعدد علاقوں میں شیڈول شٹ ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے، کمپنی کے مطابق متاثرہ علاقوں میں صبح8بجے سے دوپہر دو بجے تک بجلی کی فراہمی معطل رہے گی۔

اعلامیے کے مطابق بھائی پھیرو، چونگ، ایمکو، غازی، کاہنہ، خانقاہ ڈوگراں، مومن پورہ، قلعہ ستار شاہ، مکہ کالونی، سرفراز نگر، شالیمار، سکھ چین، گجو متہ، لیاقت آباد اور نیو کوٹ لکھپت کے مختلف فیڈرز اس بندش سے متاثر ہوں گے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ بھائی پھیرو کے بی بی جے، مانگا منڈی ایک اور تین، چونگ کے نیو چونگ، شاہکام اور آئی سی سی ٹیکسٹائل جبکہ ایمکو کے تحت کوٹ عبدالمالک، مدینہ گلاس اور اسٹارلیٹ کے صنعتی و رہائشی علاقوں میں بھی بجلی معطل رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں :لوڈشیڈنگ کے حوالے سے نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات نظام کو مزید مستحکم اور مؤثر بنانے کے لیے ضروری ہیں اور مرمتی کام مکمل ہوتے ہی بجلی بحال کر دی جائے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے روزمرہ کے امور اور ضروریات پہلے سے ترتیب دے لیں۔

دوسری جانب سکھر الیکٹرک پاور کمپنی نے بھی اولڈ سکھر اور گردونواح میں شٹ ڈاؤن شیڈول جاری کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق پندرہ جون سے اٹھارہ جون تک نظام کی بہتری اور خراب تاروں کی تبدیلی کا کام جاری رہے گا۔

اس دوران رائل روڈ، پیر مراد شاہ، جمانی، جناح چوک، گولیمار، جئے شاہ اور اربن فیڈرز سے منسلک علاقوں میں روزانہ صبح آٹھ بجے سے دوپہر ایک بجے تک بجلی کی فراہمی معطل رہے گی۔

سیپکو نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پانی سمیت دیگر ضروریات کا بندوبست پہلے سے کر لیں تاکہ بجلی کی عارضی بندش کے دوران کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

editor

Related Articles