پیٹرول اور ڈیزل کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی بڑی کمی

پیٹرول اور ڈیزل کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی بڑی کمی

حکومت نے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کردی ہے پیٹرول اور ڈیزل کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی نمایاں کمی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 48 روپے 29 پیسے کمی کی گئی ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 233 روپے 90 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے کر دیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل مٹی کے تیل کی قیمت 282 روپے 19 پیسے فی لیٹر تھی۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت نے بجلی بلوں پر بڑی پیچیدگی ختم کر دی

حکومت کی جانب سے حالیہ فیصلے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجموعی طور پر نمایاں کمی سامنے آئی ہے۔ اس سے قبل پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور درآمدی لاگت میں بہتری کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا گیا، جس کا اثر صارفین تک منتقل کیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر، درآمدی اخراجات اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے۔

مٹی کے تیل کی قیمت میں کمی سے گھریلو صارفین، خاص طور پر وہ طبقہ جو کھانا پکانے یا دیگر ضروریات کے لیے مٹی کے تیل پر انحصار کرتا ہے کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

editor

Related Articles