پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون اور سوشل میڈیا صارفین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کا استعمال ذمہ داری کے ساتھ کیا جائے، بصورت دیگر غیر قانونی مواد شیئر کرنے پر کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق توہین رسالت، اسلام اور ریاست مخالف مواد، فحش مواد اور جھوٹی خبروں کا پھیلاؤ قانون کی خلاف ورزی ہے، اس لیے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کا غیر قانونی یا قابل اعتراض مواد شیئر کرنے سے گریز کریں۔
اتھارٹی نے مزید کہا ہے کہ صارفین سوشل میڈیا پر دیکھے جانے والے مشکوک یا غیر قانونی مواد کی فوری اطلاع پی ٹی اے اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو دیں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے،پی ٹی اے کے مطابق ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے غلط استعمال کو روکنا اور محفوظ آن لائن ماحول کو یقینی بنانا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔
اس سے قبل بھی پی ٹی اے نے ملک بھر میں غیر ملکی سموں کے غیر قانونی استعمال کے حوالے سے ایک اہم عوامی آگاہی الرٹ جاری کیا تھا، جس میں شہریوں کو خبردار کیا گیا تھا کہ ایسی سمز کے ذریعے ہونے والی کالز اور پیغامات کے نتیجے میں ذاتی اور مالی معلومات خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔
اتھارٹی کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سموں کا استعمال نہ صرف ڈیٹا ہیکنگ اور مالی فراڈ کے خطرات کو بڑھاتا ہے بلکہ یہ صارفین کے لیے قانونی پیچیدگیوں کا باعث بھی بن سکتا ہے،پی ٹی اے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ صرف قانونی اور منظور شدہ ٹیلی کمیونیکیشن خدمات استعمال کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔