آٹے کی قیمتوں کو پر لگ گئے

آٹے کی قیمتوں کو پر لگ گئے

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں گزشتہ 15 روز کے دوران فائن اور ڈھائی نمبر آٹے کی قیمتوں میں 13 روپے فی کلو تک اضافہ ہوگیا۔

چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن جنید عزیز کے مطابق گندم کی قیمت میں گزشتہ 15 دن کے دوران دو مرتبہ اضافے کے باعث آٹے کی قیمتیں بڑھانا پڑیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈھائی نمبر آٹے کی قیمت 119 روپے فی کلو سے بڑھ کر 132 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جبکہ فائن آٹے کی قیمت 140 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی عرصے کے دوران گندم کی قیمت 106 روپے فی کلو سے بڑھ کر 118 روپے فی کلو ہوگئی، جس کے براہِ راست اثرات آٹے کی قیمتوں پر پڑے ہیں۔

جنید عزیز کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت کو گندم درآمد کرنے کا فیصلہ جلد از جلد کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق اگر درآمدی فیصلے میں مزید تاخیر کی گئی تو اس کا فائدہ گندم ذخیرہ کرنے والوں کو ہوگا، جبکہ عوام کو مہنگے آٹے کی صورت میں اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں :بیرون ملک سے گاڑیاں منگوانے کا نیا ریکارڈ بن گیا ، وجہ بھی سامنے آ گئی

انہوں نے اندازہ ظاہر کیا کہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے کم از کم 30 سے 40 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنا پڑ سکتی ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ درآمد صرف اتنی ہی کی جائے جتنی ملکی ضرورت ہو، کیونکہ ضرورت سے زیادہ درآمد کی صورت میں مقامی کسانوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق کراچی میں موسم گرما کے دوران ماہانہ 20 سے 22 لاکھ آٹے کی بوریاں استعمال ہوتی ہیں، جبکہ موسم سرما میں یہ طلب بڑھ کر تقریباً 26 لاکھ بوری تک پہنچ جاتی ہے۔

Related Articles