نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے ملاقات کی جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، اعلیٰ سطحی سفارتی رابطوں میں پیش رفت اور امن عمل کے فروغ سمیت باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس ملاقات میں اسحاق ڈار نے چینی سفیر کو سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے مذاکرات کی تازہ پیش رفت سے آگاہ کیا۔ اس کے ساتھ انہوں نے اپنے حالیہ دورہ مصر کی تفصیلات بھی شیئر کیں اور وہاں ہونے والی سفارتی بات چیت سے متعلق آگاہ کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان کی جانب سے خطے میں امن کے لیے کی جانے والی کوششوں میں چین کی مسلسل حمایت کو بھی سراہا گیا۔
اسحاق ڈار نے چین کی جانب سے پیش کی گئی امن سے متعلق تجاویز جن میں چینی صدر کی چار نکاتی تجویز اور پاکستان چین کے درمیان پانچ نکاتی تعاون پر مبنی اقدامات شامل ہیں کی تعریف کی اور انہیں خطے میں استحکام کے لیے اہم قرار دیا۔
چینی سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے بھی خطے میں کشیدگی میں کمی اور امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ تمام تصفیہ طلب امور کو پائیدار سفارتکاری اور باہمی گفت و شنید کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے تاکہ خطے میں دیرپا امن قائم ہو سکے۔