سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کی دبئی میں اہم ملاقات، ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شیر افضل مروت جنہیں چند روز قبل ہی پی ٹی آئی کی سیاسی و کور کمیٹی سے نکالا گیا ہے آجکل دبئی میں موجود ہیں۔ دبئی میں ان کی ملاقات سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ہوئی جنہوں نے ایک بار پھر سیاست میں متحرک ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا ہے کہ بامعنی ڈائیلاگ سے ہی موجودہ سیاسی درجہ حرارت کم کیا جاسکتا ہے۔دونوں رہنمائوں کی ملاقات تین گھنٹےتک جاری ہیں جس میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیااور سیاسی روابط کو جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔
مزید پڑھیں: اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو روم کولر فراہم
ڈاکٹر عشرت العباد کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، وفاق اور ایس آئی ایف سی کے ساتھ تعاون اچھا شگون ہے، انتظامی اورگورننس کے معاملات کو سیاسی اختلافات سے الگ رکھنا چاہیے۔ مفاہمت کی سیاست ہی ملک کو درپیش بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔ جبکہ شیر افضل مروت کا بھی کہنا تھا کہ ڈاکٹر عشرت العباد کی سیاسی بصیرت اور معاملہ فہمی کے سب معترف اور قائل ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل شیر افضل مروت کو عمران خان کے حکم پر پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی و کورکمیٹی سے نکال دیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے میڈیا پر زیادہ گفتگو سے اجتناب کیا اور آجکل وہ دبئی میں اپنی فیملی کیساتھ وقت گزار رہے ہیں ۔