وزیراعظم کل ترکیہ اور ایران روانہ، ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کرینگے، ترجمان دفتر خارجہ

وزیراعظم کل ترکیہ اور ایران روانہ، ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کرینگے، ترجمان  دفتر خارجہ

وزیراعظم محمد شہباز شریف کل ایران اور ترکیہ کے دورے پر روانہ ہوں گے، وہ ایران کے شہید رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ وزیراعظم شہبازشریف  سابق ایرانی سپریم لیڈر شہید آیت اللہ خامنہ ای کی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے، وزیر اعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور وفاقی کابینہ کے ارکان بھی ہوں گے۔

ترجمان نے بتایا  کہ وزیراعظم شہباز شریف ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر استنبول کا دورہ کر رہے ہیں، وزیراعظم استنبول میں ایک کاروباری کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔

انہوں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکا اور ایران کے مذاکرات کا بھی ذکر کرتے کہا کہ فریقین نے مختلف امور پر بات چیت جاری رکھنے اور جلد آئندہ اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق کیا ہے، مذاکرات کا اگلا دور ایران کے سابق سپریم لیڈر کی تدفین اور متعلقہ تقریبات کے بعد متوقع ہے، اس دوران سعودی عرب، چین، بحرین، ایران، برطانیہ اور یورپی یونین کے حکام کے درمیان بھی سفارتی رابطے جاری رہے۔

پانی روکنے کی دھمکی پر پاکستان کا بھارت کو کرارا جواب 

طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ پانی کو سیاسی دباؤ یا جبر کے آلے کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا اور پاکستان کو اس کے جائز حصے سے محروم کرنے کی کوئی بھی کوشش خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین نتائج کی حامل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پانی کو سیاسی دباؤ کے آلے کے طور پر استعمال کرنا ناقابل قبول ہے اور پاکستان کے جائز حصے کے پانی کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوئی بھی کوشش ، بھارت کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی اور معاہدوں کی پاسداری سے متعلق اس کی ساکھ کو نقصان پہنچائے گی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اس حقیقت سے غافل نہیں کہ بھارت دریاؤں کا رخ موڑنے کے منصوبوں کے لیے باقاعدہ بجٹ مختص کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پانی کی تقسیم سے متعلق کسی بھی جامع مذاکراتی عمل میں چین کی شمولیت کی حمایت کرتا ہے، کیونکہ یہ دریا ہمالیہ سے نکلتے ہیں اور ان سے بہنے والے پانی سے متعدد ممالک مستفید ہوتے ہیں، اس لیے ان تمام ممالک کو اس عمل میں شامل ہونا چاہئے۔

ترجمان نے بتایا کہ پاکستان نے 753 پاکستانی قیدیوں کی فہرست بھارت کے حوالے کی، فہرست وزارت خارجہ اور نئی دلی میں پاکستان مشن کے ریکارڈ کی بنیاد پر مرتب کی گئی، فہرست میں بھارت میں موجود پاکستانی شہریوں کے تمام رپورٹ شدہ کیسز شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان ہر قیدی کے کیس کی افرادی بنیاد پر پیروی کرتا ہے، قونصلر رسائی، شہریت کی تصدیق اور وطن واپسی کے مراحل پر مسلسل کام جاری ہے، پاکستانی قیدیوں کی فہرست مستند اور قابل اعتبار ریکارڈ ہے۔

پاکستان کے ذریعے 70 سے زائد ایرانی شہری وطن واپس

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے بریفنگ میں بتایا کہ ایران سے تعلق رکھنے والے ایک بحری جہاز کے 22 ایرانی عملے کے ارکان کو بحفاظت کراچی پہنچایا گیا، جہاں سے انہیں اپنے وطن روانہ کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مختلف بحری جہازوں سے منتقل کیے گئے ایرانی شہریوں سمیت پاکستان اب تک 70 سے زائد ایرانی شہریوں کی وطن واپسی میں سہولت فراہم کر چکا ہے۔

افغانستان میں دہشت گردوں کیخلاف  کارروائیاں 

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی فضائی کارروائیاں انتہائی درستگی اور احتیاط کے ساتھ کی گئیں، جن میں جماعت الاحرار اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 29 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اہداف کے انتخاب اور کارروائی کے دوران غیر معمولی احتیاط برتی گئی تاکہ صرف دہشت گردوں کو نشانہ بنایا جائے،  کارروائی میں ہلاک ہونے والے تمام 29 افراد دہشت گرد تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ افغانستان کی جانب سے بھیجے گئے ڈرونز کو پاکستان کے دفاعی اداروں نے فوری طور پر ٹریک کیا اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں کامیابی سے نیوٹرلائز کر دیا،  پاکستان اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھاتا رہے گا۔

editor

Related Articles