بلوچستان کے ضلع زیارت پر دہشتگردوں کا بزدلانہ وار ناکام بنا دیا گیا ، سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے ۔
دہشت گردوں نے کیچ منگی میں پولیس چوکی پر بزدلانہ حملہ کرکے زیارت میں شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، جس کا مقصد علاقے میں گھس کر خوف پھیلانا تھا۔
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر، فیصلہ کن کلیئرنس آپریشن کے ساتھ تیزی سے جواب دیا ، مقامی آبادی میں خوف وہراس پھیلانے کے منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
قوم ان 9 بہادر پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، جن میں 2 ایس ایچ او بھی شامل ہیں، جنہوں نے رات گئے تک جاری رہنے والی شدید لڑائی کے دوران اپنی پوسٹوں کا بہادری سے دفاع کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ، ان کی ہمت اور قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
ان شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ، اس سے دہشت گردی کو کچلنے کے لیے ریاست کے عزم کو تقویت ملتی ہے۔
امن کے دشمنوں کے لیے واضح پیغام ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کی کوئی محفوظ پناہ گاہیں نہیں ہیں اور ریاست پرعزم ہے، انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رہیں گی جب تک کہ دہشت گردی کے ہر نیٹ ورک کو ختم نہیں کیا جاتا اور تمام ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جاتا ہے۔
پاکستان اپنی سیکیورٹی فورسز کے پیچھے متحد ہے، امن، استحکام اور بلوچستان کے عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ دہشت گردی کا ہر صورت خاتمہ کیا جائے گا۔