زیارت میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن کامیابی سے مکمل کرلیا گیا ، 15 دہشت گرد جہنم واصل کردیے ۔
تفصیلات کے مطابق معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند کا کہنا ہے کہ زیارت میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز، بلوچستان پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مشترکہ کلیئرنس آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا، جس میں 15 دہشت گرد مارے گئے۔
شاہد رند نے کہا کہ دہشت گردوں کو بلوچستان کے امن سے کھیلنے کی بھاری قیمت چکانا پڑی ہے اور ریاست پوری قوت کے ساتھ دہشت گردی کا جواب دے رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں، ہر حملے کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، جبکہ انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ زیارت میں شہید ہونے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ان کے خون کا حساب لیا جائے گا، بلوچستان کے امن، استحکام اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
شاہد رند نے کہا کہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کو ہر صورت انجام تک پہنچایا جائے گا اور بلوچستان کے امن، استحکام اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔