گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ 9 مئی کا جو اصل ملزم تھاوہ تو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بن گیا ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے کرتے ہوئے گورنر کے پی کےفیصل کریم کنڈی کا کہناتھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا شکر گزار ہوں انہوں نے خیبر پختونخوا میں لوڈ شیڈ نگ کم کر کے صوبے کے عوام کے دل جیت لیے ۔ گرمی سے ستائے عوام ان کو دعائیں دیں گے ۔ ان کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ وزیراعظم سے صوبے کے مسائل پر بات کی ہے۔ امید ہے کے پی کے مسائل جلد حل ہو جائیں گے ۔ ا نہوں نے اپنی پرانی بات پھر دہرانے ہوئے کہا کہ کہ مرکز اور صوبے کے درمیان پل کا کردار اداکروں گا، امید ہے مستقبل میں وفاقی حکومت کا ہمارے ساتھ ایسا ہی رویہ رہا تو مسئلے حل ہونے میں زیادہ دیر نہیں لگے گی ۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے پی کو دعوت دیتا ہوں کہ گورنر ہاؤس میں آئیں، صوبے کے امن اور ترقی کے لیے مل کر بیٹھیں۔
وزیر اعلیٰ کے پی سے میں نے کہا تھا دلائل کے ساتھ وفاق سے بات کریں اور اپنے مسائل بتائیں مگر وہ ایسی زبان استعمال کرتے ہیں جس سے مسئلے حل نہیں خراب ہوتے ہیں ۔ گورنر کے پی کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ سمیت تمام ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ فیصل کریم کنڈی کامزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف ماضی کی غلطیوں پر معافی مانگنے پر رضا مند ہوتی ہے تو ہمیں مذاکرات کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گے ۔ واضح رہے کہ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیر اعلیٰ کے پی کے کے درمیان سیاسی جنگ جاری ہے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی روزانہ ان کا مشغلہ بن گیا ہے۔ ایسے حالات میں صوبے کے مسائل کیسے حل ہوں گے؟ ۔