وزیر اعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ پولیس قربانی دے رہی ہے مگر کالی بھیڑیں بھی موجود ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں امن و امان کی صو رت حال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب کی جیلوں میں قید پیشہ ور فقیروں کے لیے ’’بیگر بیرک ‘‘کے قیام کے تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے امن و امان کی مجموعی صور ت حال اور پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے انہیں بریفنگ بھی دی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پولیس کرائم پر قابو پائے کے لیے تمام تر اقدامات کرے ، حقائق سے منہ نہیں موڑا جا سکتا ۔ میں 13کروڑ عوام کو جواب دہ ہوں ۔ پنجاب میں کسی جگہ پر بھی نو گو ایریا برداشت نہیں کروں گی ۔ ا نہوں نے پولیس کو زور د ے کر کہا کہ صوبے بھر میں کرائم ریٹ کو نیچے لانے کے لیے ہر صورت کام کرنا ہوگا ۔
جرائم زیادہ ہوں تو عوام حکومت کے ریفارمز اور ڈویلپمنٹ بھول جاتی ہے ، ان کااجلاس سے دوران خطاب مزید کہنا تھاکہ پولیس قربانی بھی دے رہی ہے مگر کالی بھیڑیں بھی موجود ہیں، میں پولیس کے ساتھ ہوں، فورس کے پیچھے کھڑی ہوں، یو نی فارم پہن کر اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہورمیں ڈکیتی کے واقعات میں 50فیصد سے زائد کمی صوبے کی عوام کے لیے خوش آئند بات ہے۔
پولیس کے امور میں سیاسی مداخلت ختم کروادی ہے، ان کا اجلاس کے آخر میں کہنا تھا کہ اب پولیس پرفارمنس دکھائے ، ڈی پی او حضرات اپنے ڈسٹرکٹ کو کرپٹ اہلکاروں اور جرائم پیشہ افراد سے پاک کر نے کے لیے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھائیں ۔ صوبے سے جرائم کا خاتمہ میری اولین ترجیح ہے ۔

