نادرا نے شہریوں کو بہتر اور تیز تر سہولیات فراہم کرنے کے لیے جدید خودکار نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اب شناختی کارڈ بنوانے کا عمل مزید آسان اور سہل ہو گیا ہے۔
لاہور ڈیفنس میں قائم نادرا میگا سینٹر میں اس نئے نظام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جہاں شہری خودکار مشینوں کے ذریعے اپنی دستاویزات تیار کر سکتے ہیں۔
نادرا میگا سینٹر کے انچارج عدیل وجاہت حسین کے مطابق اس مرکز میں 22کاؤنٹرز مختص کیے گئے ہیں، جبکہ سیلف کیوسک نظام کے ذریعے شہری اپنا شناختی کارڈ خود بنانے کی سہولت حاصل کر رہے ہیں، اس جدید نظام کے تحت نہ صرف نیا شناختی کارڈ بنوایا جا سکتا ہے بلکہ تجدید اور اسمارٹ کارڈ کی سہولت بھی دستیاب ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس خودکار نظام سے شہریوں کو نمایاں آسانی میسر آئی ہے اور روزانہ اٹھارہ سو سے زائد افراد شناختی کارڈ کے حصول کے لیے اس مرکز کا رخ کرتے ہیں۔
شہریوں کی رہنمائی کے لیے نادرا میگا سینٹر کے باہر واضح ہدایتی بورڈ بھی نصب کیے گئے ہیں تاکہ آنے والے افراد بغیر کسی مشکل کے اپنے کام مکمل کر سکیں۔
شہریوں نے بھی اس نئے نظام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوئی ہے بلکہ لمبی قطاروں اور انتظار کی زحمت سے بھی نجات ملی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس جدید سہولت کے اجرا پر وہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ڈی جی نادرا کے شکر گزار ہیں، جنہوں نے عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اہم اقدام اٹھایا۔
یہ خودکار نظام سرکاری خدمات میں بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف شفافیت بڑھے گی بلکہ شہریوں کو فوری اور معیاری سہولت بھی فراہم کی جا سکے گی۔