تھانہ ائیر پورٹ پولیس نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما تنویر اسلم راجہ کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما و رکن پنجاب اسمبلی تنویر اسلم راجہ پر الزام ہے کہ انہوں نے ریلی نکالی ، اہم شاہراہ بند کیں اور پولیس اہلکاروں سے ہاتھاپائی کی ہے ۔ اس لیے ان کو کار سرکار کی مداخلت میں حراست میں لیا گیا ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ تنویر اسلم راجہ نے مین شاہراہ بند کر کے کارکنان کو ریاست مخالف سرگرمیوں پر اکسایا اور شہر کے امن و امان میں خلل ڈا لنے کی پوری پوری کوشش کی ، اہم شاہراہیں بند ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامان کرنا پڑا ۔ یاد رہے کہ تنویر اسلم راجہ کا تعلق ضلع باغ کے گاؤں گلستان چھتر نمبر 1 سے ہے، ان کے والدین آج سے 20 سال قبل بچوں کی تعلیم کے سلسلے میں اپنے آبائی گاؤں سے راولپنڈی منتقل ہو گئے تھے۔ پاکستان کے جنرل انتخابات میں نوجوان پی ٹی آئی رہنما نے صوبائی اسمبلی کی نشست پرکامیابی حاصل کی ۔
تنویر اسلم راجہ نے اپنی ابتدائی تعلیم کا سلسلہ بھی راولپنڈی سے ہی شروع کیا، تعلیم کے بعد وہ اپنے کاروبار سے منسلک ہو گئے اور اسی دوران انہوں نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) میں شمولیت اختیار کر لی۔ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ اپنی گہری وابستگی کی بدولت انہیں قیادت نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی۔ 19 سے ٹکٹ جاری کیا جس پر انہوں نے بھرپور انتخابی مہم کے ذریعے اپنے مد مقابل مسلم لیگ ن کے امیدوار حاجی پرویز کو 27,219 کی بھاری لیڈ سے شکست دے کر ممبر پنجاب اسمبلی (ایم پی اے) کا اعزاز حاصل کیا۔تنویر اسلم راجہ نے حلقہ پی پی۔ 19 سے 43,987 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مد مقابل لیگی امیدوار حاجی پرویز نے 16,768 ووٹ حاصل کیے۔