وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردارعلی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ ضم اضلاع کے عوام کیساتھ کئے گئے تمام وعدے جلد پور ےکروں گا ۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردارعلی امین گنڈا پورنے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق خاصہ دارفورس کے شہداء کےبچوں کو پولیس میں بھرتی کریں گے ۔ ضم اضلاع کے لیے آئندہ بجٹ میں وعدے سے زائد فنڈز رکھے گئے ہیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ضم اضلاع میں بین الاقوامی مالیاتی اداروں کو دعوت دی ہے کہ وہ آ ئیں اور سرمایہ کاری کریں تاکہ ضم اضلاح سے پسماندگی کا خاتمہ کیا جا سکے اور وہاں کے عوام کو بھی اپنے حقوق مل سکیں ۔ ضم اضلاع میں اتنے ترقیاتی کام کرائیں گے کہ تاریخ میں اتنے کام کبھی پہلے نہیں ہوئے ۔ وزیر اعلیٰ کے پی کے کا کہنا تھاکہ ترقیاتی کاموں کے معیار پر نظر رکھنا عوام کی ذمہ داری ہے،کہیں پر کوئی ترقیاتی کام معیاری نہیں ہو رہا تو عوام کام کو فوری روکیں اور متعلقہ حکام کے فوری طور پر نوٹس میں لائیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام میری ٹیم ہیں، منشیات اور کرپشن کے خاتمے کے لیے میرا دست و بازو بنیں، وفاقی حکومت ضم اضلاع کے لیے رقم کی پوری ادائیگی نہیں کر رہی ۔ عوام صوبے کے حقوق کے حصول کے لیے میرا ساتھ دیں۔ انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ضم اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں،ضم اضلاع میں لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کریں گے، صحت و تعلیم کی سہولیات مقامی سطح پر فراہم کرنے کے لیے منصوبہ بندی کر رہے ہیں ،اگلے سال کے بجٹ میں نوجوانوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے کے لیے بلاسود قرضے دیں گے،ضم اضلاع کے نوجوانوں کے لیے بلاسود قرضوں میں کوٹہ مختص کریں گے۔