عالمی اور مقامی گولڈ مارکیٹس میں آج بھی سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے جس کے بعد گولڈ مارکیٹ مسلسل چوتھے روز مندی کا شکار ہے۔عالمی سطح پر جاری جغرافیائی و معاشی غیر یقینی صورتحال اور بڑے تنازعات پر مذاکرات کے آغاز میں تاخیر کے دباؤ نے سرمایہ کاروں کو محتاط کر دیا ہے جس کے باعث گولڈ مارکیٹ میں مسلسل کمی کا رجحان برقرار ہے۔
پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ 24 قیراط فی تولہ سونا 5200 روپے سستا ہو کر 493,762 روپے پر آ گیا ہے جس کے بعد فی تولہ سونا 5 لاکھ روپے کی سطح سے بھی نیچے چلا گیا ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونا 4,458 روپے کمی کے بعد 423,321 روپے پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔
چاندی کی قیمت میں بھی کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ فی تولہ چاندی 225 روپے کمی کے بعد 8,099 روپے پر آ گئی ہے جس سے مقامی مارکیٹ میں قیمتی دھاتوں کی مجموعی قدر میں واضح کمی سامنے آئی ہے۔
ادھر بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں پر دباؤ برقرار ہے۔ عالمی سطح پر فی اونس سونا 52 ڈالر کمی کے بعد 4,714 ڈالر تک گر گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے محفوظ سرمایہ کاری میں کمی اور مذاکراتی غیر یقینی صورتحال نے گولڈ مارکیٹ کو مسلسل دباؤ میں رکھا ہوا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ سکتا ہے، تاہم قلیل مدت میں مارکیٹ کا رجحان مندی کی طرف ہی رہنے کا امکان ہے۔

