محکمہ موسمیات نے مزید 3 سے 4 روز میں ملک کے اکثر مقامات میں گرج چمک کیساتھ بارشوں کی پیشنگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کو متاثر کر رہا ہے، جمعہ سے اتوار تک سندھ کے شمالی، مغربی و وسطی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شہداد کوٹ، نوشہرو فیروز اور دیگر اضلاع میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔ کیرتھر کے پہاڑوں پر اس دوران گرج چمک کے بادل بن سکتے ہیں۔ کیرتھر کے پہاڑوں پر بنے بادل جنوبی سندھ کے چند ایک مقامات کو متاثر کرسکتے ہیں۔کراچی کے نزدیک شمال مغرب اور شمال مشرق میں جمعہ تا اتوار گرج چمک کے بادل بن سکتے ہیں۔ دوپہر سے شام کے دوران گرج چمک کے بادل بننے کا امکان موجود ہے۔ اگر ان بادلوں کی شدت برقرار رہی تو کراچی کے مضافات میں آندھی یا ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے۔ 21 سے 22 جون کے دوران سکھر، جیکب آباد، کشمور اور لاڑکانہ میں آندھی/ جھکڑ چلنے اور چند مقا مات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔22جون تک گلگت بلتستان (دیامیر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گا نچھے، شگر)، کشمیر (وادی نیلم، مظفر آباد،راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں،باغ،حویلی،سدھنوتی، کوٹلی،بھمبر،میر پور) میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ اس دوران کشمیر میں بعض مقا مات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔
22جون کے دوران اسلام آباد/راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب، سرگودھا،بھکر اور میانوالی میں آندھی / جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے علاوہ بعض مقا مات پر وقفےوقفے سے موسلادھار بارش جبکہ20 سے22 جون کے دوران بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان ، ساہیوال، ملتان، خانیوال،لودھراں، مظفر گڑھ، راجن پور، رحیم یار خان اور لیہ میں بھی آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

