شوال کا چاند دیکھنے کیلیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا

شوال کا چاند دیکھنے کیلیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا

پاکستان میں شوال المکرم کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا کلیدی اجلاس آج مورخہ 19 مارچ کومنعقد ہو رہا ہے۔

وزارتِ مذہبی امور کے مطابق، یہ اجلاس 29 رمضان المبارک 1447ھ بمطابق 19 مارچ 2026ء بروز جمعرات بعد نمازِ عصر (شام ساڑھے پانچ بجے) اسلام آباد میں پاک سیکرٹریٹ کے کوہسار بلاک کی چھت پر ہوگا۔ چیئرمین مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں ہونے والے اس اجلاس میں محکمہ موسمیات، سپارکو (SUPARCO) اور مذہبی امور کے ماہرین شریک ہوں گے۔ اسی دوران ملک بھر میں زونل اور ضلعی کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد کیے جائیں گے۔

دوسری جانب، سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے باضابطہ اعلان کیا ہے کہ بدھ کی شام مملکت میں کہیں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔ اس فیصلے کے تحت: سعودی عرب میں کل 30واں روزہ ہوگا۔

رمضان المبارک کے 30 دن مکمل ہونے کے بعد عید الفطر جمعہ، 20 مارچ 2026ء کو منائی جائے گی۔ پاکستان میں ماہرینِ فلکیات اور سپارکو نے پیش گوئی کی ہے کہ 19 مارچ کی شام چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں، کیونکہ اس وقت چاند کی عمر تقریباً 12 گھنٹے ہوگی جو انسانی آنکھ سے دیکھنے کے لیے کافی نہیں ہے۔

اگر کل چاند نظر نہیں آتا، تو پاکستان میں عید الفطر ہفتہ، 21 مارچ 2026ء کو ہونے کا قوی امکان ہے۔ تاہم، حتمی فیصلہ مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی شہادتوں کی بنیاد پر کل رات کرے گی۔

حکومت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو چاند نظر آئے تو وہ قریبی زونل کمیٹی یا انتظامیہ کو فوری اطلاع دے تاکہ شرعی شہادتوں کی روشنی میں بروقت فیصلہ کیا جا سکے۔

مزید پڑھیں: عید کے چاند کا معاملہ: عدالت نے وزارتِ مذہبی امور سے رپورٹ طلب کر لی

editor

Related Articles