ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے، جنگ بندی کے قیام اور مذاکرات کے آغاز میں پاکستان نے مثبت اور مؤثر کردار ادا کیا۔
انہوں نے اپنے بیان میں پاکستان کی کاوشوں کو امن کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ اقدامات خطے میں پائیدار استحکام کی راہ ہموار کریں گے۔
عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ایران مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کی میزبانی اور معاونت قابل تحسین ہے
دوسری جانب نائب وزیراعظم نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کی جانب سے سہولت کاری فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے کے وسیع تر مفاد میں ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے لیے اپنی کوششیں مسلسل جاری رکھے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ سہولت کاری کے عمل سے متعلق صرف سرکاری ذرائع سے جاری کردہ بیانات ہی پاکستان کی اصل پالیسی کے عکاس ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بے نام حکام یا ذرائع سے منسوب خبریں، خواہ وہ پرنٹ میڈیا میں شائع ہوں یا سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہوں، پاکستان کے سرکاری موقف کی نمائندگی نہیں کرتیں۔