ایف بی آر کے تمام دفاتر ہفتہ اور اتوار کو کھلے رہیں گے

ایف بی آر کے تمام دفاتر ہفتہ اور اتوار کو کھلے رہیں گے

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مالی سال 2025-26 کے اختتامی ٹیکس اہداف کے حصول کے لیے ملک بھر میں اپنے دفاتر کے اوقات کار میں توسیع کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں جاری اعلامیے کے مطابق ایف بی آر کے تمام دفاتر 27 اور 28 جون کو معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔

ترجمان ایف بی آر کے مطابق ٹیکس دہندگان کی سہولت اور ٹیکس و ڈیوٹیوں کی بروقت وصولی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اوقات کار مقرر کیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے 28 جون کو دفاتر رات 8 بجے تک جبکہ 30 جون 2026 کو رات 12 بجے تک کھلے رہیں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آر کے تمام لارج ٹیکس آفسز (LTOs)، میڈیم ٹیکس آفسز (MTOs)، کارپوریٹ ٹیکس آفسز (CTOs) اور ریجنل ٹیکس آفسز (RTOs) 30 جون کی نصف شب تک ٹیکس وصولی کا عمل جاری رکھیں گے۔

ترجمان کے مطابق 27 جون سے 30 جون تک ٹیکس دہندگان کو ادائیگیوں اور دیگر امور میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ مالی سال کے اختتام سے قبل تمام واجبات جمع کرائے جا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: سلامتی کونسل بھارت کیجانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، پاکستان

ایف بی آر نے تمام چیف کمشنرز ان لینڈ ریونیو کو خصوصی اوقات کار پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اضافی اوقات میں دفاتر کھلے رکھنے کا مقصد ٹیکس اور ڈیوٹیوں کی وصولی کو مزید مؤثر بنانا اور مقررہ مالی اہداف حاصل کرنا ہے۔

حکام کے مطابق 30 جون 2026 کو رات 12 بجے تک ٹیکس وصولی جاری رکھنے کا فیصلہ مالی سال کے اختتامی محصولات کے اہداف کے حصول کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

Related Articles