پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور اپوزیشن الائنس تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود اچکزئی نے کہا ہے کہ پارلیمان کو طاقت کا سرچشمہ بنانا ہوگا ، سیاسی پارٹیاں چارٹر آف ڈیموکریسی کا معاہدہ کریں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نجی ٹی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات پُر اُمید نہیں ، لیکن پھر بھی یقین رکھتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان ، صدر مملکت آصف علی زرداری ،نواز شریف مل کر مسئلے کا حل ضرور نکالیں گے ، ان کا کہنا تھا کہ 75سال گزر گئے ہم پاکستانی قومیت بنانے میں مکمل ناکام رہے ہیں ۔
بحثیت قوم ہم سب کو اس اہم مسئلے کے حل کے بارے میں سوچنا ہو گا اور اسی میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا راز ہے، آصف علی زرداری نے اپنے اختیارات صوبوں کو دئیے تھے ، آصف زرداری پارلیمان کو خط لکھیں کہ سینیٹ اختیارات قومی اسمبلی کے برابر کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ معدنیات پر پہلا حق صوبے کا ہونا چاہیے ، سیاسی پارٹیوں کی اکثریت آئین کے مطابق ملک کو چلانے پر متفق ہے ،
ان کا میزبان کے ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ کل جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے سر براہ مولانا فضل الرحمان سے میری میٹنگ ہوئی تو چند سیاسی مخالفین کی نیندیں ختم ہو کر رہ گئیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستا ن کی بہتری کے لئے مولانا فضل الرحمان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا چاہے ۔
مولانا فضل الرحمان سیاسی گرو ہیں ۔ ان کا سابق وزیر اعظم اور صدر مسلم لیگ ن کے حوالے سے میزبان کے سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ وہ ایسے سیاست دان ہیں جن پر عوام بھر پور بھروسہ کرتے ہیں ۔