محکمہ موسمیات نے آج اور کل ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔
گرمی سے پریشان عوام کے لیے خوشخبری ، محکمہ موسمیات نے 16 جون تک اسلام آباد، کشمیر، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی، گرد آلود ہواؤں، گرج چمک، بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔
بارش سے گرمی اور ہیٹ ویو کی شدت میں واضح کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ، محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے اوقات میں موسم گرم اورمطلع جزوی ابرآلود رہے گا تاہم شام کے وقت آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارشکا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہنے کی توقع ہے، پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں آندھی اور جھکڑ چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچاؤ کے لیے پیشگی انتظامات کیے جا سکیں۔
موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب گرمی کے ستائے شہر قائد کے باسیوں کے لیے بھی محکمہ موسمیات نے بارش کی نوید سنا دی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کل کراچی کے مضافات میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، یہ سلسلہ ایک سے دو روز تک جاری رہ سکتا ہے۔
آج شہر کا موسم گرم اور درجہ حرارت 39 ڈگری رہنے کا امکان ہے، سمندری ہوائیں معطل رہیں گی جبکہ حبس کی کیفیت محسوس کی جائے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ گزشتہ روز جیکب آباد میں درجہ حرارت 51، بہاولنگر، تربت، لسبیلہ، سبی، موہنجو داڑو 49، دادو، روہڑی، نورپور تھل، بھکر، سرگودھا، ساہیوال، بہاولنگر اور سکھر میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔