پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے سینیٹر شبلی فراز سے بھی استعفیٰ مانگ لیا۔
شیر افضل مروت نے ٹویٹر پر عمر ایوب کےبطور سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف ان کے استعفے پر ردِعمل دیتے ہوئے ان کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔انہوں نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں عمر ایوب کی طرف سے سیکرٹری جنرل کا عہدہ چھوڑنے کے دانشمندانہ فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ پارٹی کے اہم عہدوں پر فائز چند دیگر افراد کو بھی ان کی پیروی کرنی چاہئے۔
مزید پڑھیں: عمر ایوب نے استعفیٰ دیدیا
شیر افضل مروت کا مزید کہنا تھا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ پارٹی ایک بھی کام پورا کرنے میں ناکام رہی ہے، عمران خان تاحال جیل میں ہیں اور مینڈیٹ کی بازیابی بھی ابھی دور ہے۔ ہماری عوام اور رہنما ابھی تک جیلوں میں بند ہیں اور ہم عوام کو ایک عظیم تحریک کیلئے متحرک کرنے میں بھی ناکام ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بلے کے نشان ، مخصوص نشستوں ، ضمنی انتخابات اور پارٹی کی تنظیم نو کا نقصان ایسی چند مثالیں ہیں، جہاں پارٹی قیادت بُری طرح ناکام رہی ۔ انہوں نے سینیٹر شبلی فراز سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ پارٹی آفس اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف دونوں عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کریں۔