یکم جولائی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے یکم جولائی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیے جانے کا امکان ہے۔ اگلے ماہ کے ابتدائی 15روز کے لئے پیٹرول کی قیمت میں 7.54 روپے فی لیٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 9.84 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت توانائی کے حکام نے بتایا کہ اگر یکم جولائی سے 5روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی شامل کی جائے تو پھر موٹر سپرٹ کی قیمت میں 12.58روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 14.84روپے فی لیٹر تک اضافہ ہوسکتا ہے۔
مزید پڑھیں: بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا امکان
یاد رہے کہ حکومت نے مالی سال 2025 کے وفاقی بجٹ میں پیٹرولیم لیوی کو موجودہ 60روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 80 روپے کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ وقفے وقفے سے کیا جائیگا۔جس کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں تیل کی گرتی قیمتوں کے باوجود پاکستانیوں کو پیٹرولیم مصنوعات پر کوئی ریلیف نہ ملنے کا امکان ہے۔