وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی(آئی ٹی) کی صنعت کیلئے سازگار ماحول فراہمی کیلئے پُرعزم ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ سےپاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ار اکین نے گزشتہ روز تفصیلاً ملاقات کی ، ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ذوہیب خان وفد کی قیادت کر رہے تھے۔
دوران ملا قات ایگزیکٹو کمیٹی کے ار کان نے ایسوسی ایشن کی جانب سےجاری کیے گئے اقدامات اور ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعت کے فروغ کے لیے وفاقی حکومت کی طرف سے تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ فریقین کے درمیان ملاقات میں آئی ٹی کی صنعت میں چیلنجوں، امکانات، مواقع اور اس شعبہ سے متعلق مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کرنے پر معاملات طے پا گئے ۔
یہ بھی پڑھیں :عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایسوسی ایشن کے کردار کو سرا ہا اور کہا کہ ملک کی اقتصادی نمو اور اختراع میں آئی ٹی کی صنعت استعداد سے بھرپور ہے، آئی ٹی شعبہ کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے ہم سے جو بھی ہو سکا کرنے کے لیے بالکل تیار ہیں ۔ حکومت آئی ٹی کی صنعت کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے پُر عزم ہے اور اس حوالےسے تمام تر ممکنہ اقدامات کو یقینی بنا ئیں گے ۔