اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے تھانہ آبپارہ میں دائر مقدمے میں عمران خان ، شاہ محمود قریشی سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کو بری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بریت پرمحفوظ فیصلہ جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود نے سنایا، جس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کو ریلیف دیا گیا۔ خیال رہےکہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان، شاہ محمود قریشی، اسد قیصر، فیصل جاوید اور شہریار آفریدی سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ عدالتی فیصلے میں قریشی سمیت تمام ملزمان کو الزامات سے بری کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی نے عمر ایوب کا استعفیٰ مستر د کر دیا
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے 26 جون کو پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی، خرم نواز اوردیگر ملزمان تھانہ کورال میں درج ریلی نکالنے کے مقدمے سے بری کیا گیا تھا ۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں تھانہ کورال میں درج مقدمے پر راجہ فرخ علی نے شاہ محمود قریشی، خرم نواز اور دیگر کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنا یا تھا ۔ سابق وزیر خارجہ و پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کی طرف سے سید محمد علی بخاری ایڈووکیٹ نےان کی بریت کی درخواست پر اپنے دلائل دئیے تھے۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ، اسد عمر اور علی نواز اعوان پہلے سےاس مقدمے سے بری ہو چکے ہیں ، راجہ خرم نواز اور دیگر کے خلاف تھانہ کورال میں مئی 2022 میں ریلی نکالنے پر مقد مے کا اندرج کیا گیا تھا۔